حرص و ہوس نے خوار کیا تجھے۔۔۔

بدقسمتی سے جب انسان حرص و ہوس کے شاطرانہ کھیل کا حصہ بن جائے تو دھن دولت کا خطرناک و خوفناک درندہ انہیں اپنے نوکیلے پنجوں میں جکڑے کشاں کشاں ذلت ورسوائی کے ایسے اندھے غار میں دھکیل دیتا ہے جہاں عزت و آبرو اور رشتوں کا تقدس ان کے لیے گویا قصہ پارینہ بن جاتا ہے، دوسروں کو دھوکہ دینے میں پیش پیش یہ خوش فہم لوگ نہیں جانتے کہ دھوکہ تو وہ خود کھا رہے ہیں، فانی اور فریب دنیا کو حرفِ آخر سمجھ کر غفلت کے پردے میں لپٹے یہ لوگ دھوکہ کھاتے چلے جاتے ہیں یہ سمجھنے سے قاصر کہ یہ سرخروئی کی طلب، یہ ثروت ؤ زیبائش اور شہرت و مقبولیت کی طلب انہیں پستی کا سفر کروا رہی ہے، اور ایک دن یہ بڑے گہرے گڑھے میں جا گریں گے، لیکن انکے ذاتی خیال کے مطابق یہ بڑے فنکار و کھلاڑی ہیں اور ہر ایک پر سیر ہیں، درحقیقت یہ جہالت کی اندھی کھائیوں میں چکرا رہے ہیں، قانون قدرت سے ناواقف کہ ہر سیر کے لیے سوا سیر تیار رکھا گیا ہے جو حد سے آگے بڑھتے ہی بحکم ربی ان سے آ ٹکرائے گا اور سارا غرور و گھمنڈ ناک کے راستے نکال باہر کرے گا، انجامِ اچھائی اچھائی ہے اور برائی کا نتیجہ برا ہی ہے، مقدس رشتوں کی پامالیاں کرنے والے بدکرداروں کو نویدِ عذابِ الہی بزبان نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سنائی گئی ہے، بدنیت لوگ ان وعیدوں پر کان نہیں دھرتے اور حرص و ہوس کا کھیل کھیلتے رہتے ہیں یہاں تک کہ حکم ربی آ پہنچتا ہے پھر خود کو بڑا فنکار و کھلاڑی سمجھنے والے قدرت کے ہاتھوں یوں منہ کی کھاتے ہیں کہ باقی کچھ نہیں بچتا، سوائے افسوس و پچھتاوے کے۔

✍️ #سید_لبید_غزنوی
28 مارچ 2021

تبصرے